ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / پاکستان:آئل ٹینکرز کی ہڑتال ختم، کئی علاقوں میں ایندھن کی قلت

پاکستان:آئل ٹینکرز کی ہڑتال ختم، کئی علاقوں میں ایندھن کی قلت

Wed, 26 Jul 2017 18:52:52  SO Admin   S.O. News Service

اسلام آباد،26جولائی(ایس او نیوز/آئی این ا یس انڈیا)پاکستان بھر میں آئل ٹینکرز کی ہڑتال بدھ کو تیسرے دن میں داخل ہو گئی ہے جس کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں ایندھن کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔پیر سے شروع ہونے والی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں ہزاروں آئل ٹینکرز نے تیل کی ترسیل بند کر دی جس سے پیٹرول پمپس میں تیل کی دستیابی پر فرق پڑا۔تیل و گیس کے نگران ادارے ’اوگرا“کے وضع کردہ حفاظتی قواعد کو بے جا قرار دینے والی آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اپنے اس موقف پر ڈٹی ہوئی ہے کہ ان قواعد کی آڑ میں مبینہ طور پر موٹرے پولیس بھاری جرمانے عائد کر رہی ہے جو انھیں کسی صورت قابل قبول نہیں۔
منگل کو ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی وفاقی وزارت پٹرولیم اور اوگرا حکام سے ملاقات ہوئی تھی لیکن مذاکرات کا یہ دور بے نتیجہ ثابت ہوا اور ایسوسی ایشن نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا۔منگل سے ہی کراچی اور لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں پٹرول پمپس پر ایندھن نایاب ہو گیا اور کئی مقامات پر پمپس بند کر دیے گئے۔
بدھ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پٹرول پمپس پر بھی صارفین کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں جب کہ جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی کئی پٹرول پمپس تیل نہ ہونے کی وجہ سے بند ہیں۔اوگرا کی آئل ٹینکز مالکان سے بدھ کو بھی ملاقات متوقع ہے جس میں اس معاملے کا حل تلاش کرنے پر بات چیت کی جائے گی۔اوگرا نے 2009ء میں آئل ٹینکرز کے لیے قواعدو ضوابط وضع کیے تھے جس کے تحت تیل لے جانے والے ٹینکرز کا مقرر کردہ معیار کے مطابق صحیح حالت میں ہونا اور نقل و حمل کے لیے تیل کی مقدار کے پیمانے متعین کیے گئے تھے۔لیکن ان قواعد پر عمل درآمد گزشتہ ماہ احمد پور شرقیہ میں ایک آئل ٹینکر کے حادثے میں تقریباً 200افراد کی ہلاکت کے بعد سخت کر دیا گیا تھا۔اس واقعے کے بعد سے ملک کے مختلف علاقوں میں آئل ٹینکرز کے ایک درجن سے زائد حادثات رونما ہو چکے ہیں لیکن ان میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزارت پٹرولیم کو تیل کی ترسیل کے لیے ریلوے کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔


Share: